2024 April 25
شیعہ سنی بھائی بھائی اور دین اسلام کے دو اہم ستون ہیں، شیخ احمد الطیب
مندرجات: ٤٩٥ تاریخ اشاعت: ٠٢ January ٢٠١٧ - ١٣:١٥ مشاہدات: 1676
خبریں » پبلک
شیعہ سنی بھائی بھائی اور دین اسلام کے دو اہم ستون ہیں، شیخ احمد الطیب

اسلام ٹائمز: مصر اور انڈونیشیا کے علماء کے اجلاس سے خطاب میں الازہر یونیورسٹی کے سربراہ نے مسلمانوں کو باہمی اتحاد کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ دین مبین اسلام کے پیروکار شیعہ و سنی ایک کشتی پر سوار ہوکر اس الٰہی دین کو دوام بخش سکتے ہیں۔ احمد الطیب نے کہا کہ شیعہ اور سنی کے مشترکات، ان کے اختلافات سے کہیں زیادہ ہیں۔

اسلام ٹائمز۔ مصر کی الازہر یونیورسٹی کے سربراہ شیخ احمد الطیب نے مسلمانوں کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ شیعہ اور سنی دین اسلام کے دو اہم ستون ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق شیخ الازہر شیخ احمد الطیب نے مصر اور انڈونیشیا کے علماء کے اجلاس میں کہا کہ شیعہ اور سنی بھائی بھائی ہیں اور وہ اسلام کے دو ستون کی حیثیت سے متحد ہوں۔ انہوں نے مسلمانوں کو باہمی اتحاد کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ دین مبین اسلام کے پیروکار شیعہ و سنی ایک کشتی پر سوار ہوکر اس الٰہی دین کو دوام بخش سکتے ہیں۔ احمد الطیب نے کہا کہ شیعہ اور سنی کے مشترکات، ان کے اختلافات سے کہیں زیادہ ہیں۔

انہوں نے ذرائع ابلاغ کے ان پروپگنڈوں کو، جن میں وہ دین اسلام کی شبیہ بگاڑنے کی خاطر امت مسلمہ کے مختلف فرقوں کے درمیان تنازعات اور فسادات کو ہوا دیتے ہیں، کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمنان اسلام اپنی ناپاک سازشوں کے ذریعے امت مسلمہ کو تقسیم کرنے اور ان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کرنے کے درپے ہیں۔ شیخ الازہر مصر نے زور دے کر کہا ہے کہ عصر حاضر امت مسلمہ کے یکجا ہونے کا وقت ہے اور مسلمانوں کو دشمنوں کی سازشوں کو سمجھ کر فتنوں اور تنازعات سے باز رہنا چاہئے۔ شیخ احمد الطیب نے امت مسلمہ کے نوجوانوں کو تاکید کی کہ وہ ان اقدامات سے گریز کریں جو امت مسلمہ کے تفرقہ، انتشار اور تقسیم کا باعث بنیں۔ انہوں نے عراق، یمن اور شام میں جاری بحرانوں کو مسلمانوں کے درمیان تفرقہ کی علامت قرار دیا اور کہا کہ مسلمانوں کے درمیان اختلافات، دشمنان اسلام اور خاص طور پر اسرائیل کی فریب کاری کا نتیجہ ہیں۔




Share
* نام:
* ایمیل:
* رائے کا متن :
* سیکورٹی کوڈ:
  

آخری مندرجات